ریاست تلنگانہ کےحیدرآباد کے 127 شہریوں کو اپنی شہریت ثابت کرنے کے لیے یو آئی ڈی اے آئی نے نوٹس جاری کی تھی، جس میں شہریوں کو 20 فروری کو آدھار اتھارٹی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔لیکن یو آئی ڈی اے آئی نے آج کے انکوائری پروگرام کو منسوخ کردیا ہے۔
یو آئی ڈی اے آئی کے ریجنل ڈائریکٹر نے آج کی انکوائری ملتوی کرنے کی اطلاع دی اور کہا کہ جن افراد کو نوٹس جاری کی گئی تھی انہیں خط کے ذریعہ اس کی اطلاع دی گئی ہے۔
وہیں ایک بات یہ بھی ہے کہ آدھا اتھارٹی نے کس بنیاد پر یہ نوٹس جاری کی تھی اور اس سلسلے میں نہ ہی یو آئی ڈی اے آئی، نہ پولیس اور نہ ہی ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی وضاحت پیش کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یو آئی ڈی اے آئی کی جانب سے 127 افراد کو اپنی شہریت ثابت کرنے کی نوٹس ملنے پر عوام میں افرا تفریح کا ماحول برپا تھا ۔ان متاثرہ افراد میں سے تین نے عدلیہ سے رجوع کرتے ہوئے یو آئی ڈی اے آئی کے خلاف نامپلی کورٹ میں رٹ پیٹشن داخل کی ہیں۔
اس سلسلے میں آدھار اتھارٹی نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم مشکوک افراد سے صرف یہ جاننا چاہتے تھے کہ کہیں انہوں نے غلط دستاویزات داخل کرکے آدھار حاصل تو نہیں کیا۔انہوں نے کہا شہریت کی جانچ ہمارا مقصد نہیں تھا۔
آدھار اتھارٹی نے اپنی وضاحت میں اس انکوائری کو مئی تک مؤخر کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔