حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی کے اسپیکر گڈم پرساد کمار سے ٹی یو ڈبلیو جے یو کے ریاستی صدر خواجہ شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ وریاستی سکریٹری مولانا محمدمحسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کرتے ہوئے اردو صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تفصیلی نمائندگی کی۔
وفد نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ بی آر ایس حکومت کے معاندانہ رویہ کی بناء پر اردوصحافت اور صحافیوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ وفد نے جی او 239 کو فوری کالعدم کرنے، اردواخبارات کو 75 ہزار اشاعت کے بجائے 50ہزار اشاعت پر بھی اکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی، ٹی یو ڈبلیو جے یو کے نمائندہ کو اکریڈیٹیشن کارڈز کمیٹی ممبر بنائے جانے، صحافیوں کو میڈیکل ہیلتھ کارڈز، اردو صحافیوں کو اراضیات دینے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: صحافت، عوامی بہبود کا سرچشمہ
وفد نے تلنگانہ کے اردو صحافیوں کو بسوں میں ریاست بھر میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے پر بھی زوردیا۔ اسپیکر پرساد کمار نے حکومت کی جانب سے اردو صحافیوں کو سرکاری سطح پر سرکاری مراعات دینے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقعہ پر مولانا محمدعبدالقادر نظامی نائب صدرنشین وائس آف میڈیا، سینئر جرنلسٹ جناب عبدالباسط آغا پی این ایس،جناب محمد مجتبیٰ نظامی پی این ایس،حافظ محمدعبدالکلیم قادری پی این ایس، جناب رشیدعالم الحفیظی ایڈیٹر دبنگ صحافت، ڈی بسوا راج، جناب میر محسن علی سینئر جرنلسٹ،ہیما رانی پرم کور،فاروق الدین صدیقی،اشونی پتینگے، شیتل نیمکر ایگزیکٹیو ممبر اور دوسرے موجود تھے۔
(یواین آئی)