ریاست تلنگانہ میں قانون ساز کونسل کے لیے انتخابات، عمل میں لائے جارہے ہیں۔ جس کے لیے سیاسی پارٹیوں کی جانب سے مختلف امیدواروں کا اعلان کیا جارہا ہے۔ برسراقتدار پارٹی ٹی آر ایس نے بھی ایم ایل سی کے لیے سابق پی ایم نرسمہا راؤ کی بیٹی ایس وانی دیوی کو نامزد کیا ہے۔ ایس وانی دیوی قانون ساز کونسل کے لئے حکمران تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کے امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑیں گی۔
ٹی آر ایس نے اتوار کے روز حیدرآباد-رنگاریڈی-محبوب نگر گریجویٹس حلقہ کے انتخاب کے لئے امیدوار بننے کا اعلان کیا۔ سماجی کارکن وانی دیوی جو کہ فنکار اور ماہر تعلیم بھی ہیں پیر کو اپنا نامزدگی داخل کررہی ہیں۔ چیف منسٹر اور ٹی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ نے ان کی امیدواری کو حتمی شکل دے دی ہے۔
واضح رہے کہ وانی دیوی جو کہ کریم نگر کے ونگارا میں پیدا ہوئی وہ سری وینکٹیشورا گروپ آف انسٹی ٹیوشن کی بانی ہیں۔ حیدرآباد۔ رنگاریڈی۔محبوب نگر اور نلگنڈا۔ ورنگل۔کھمم گریجویٹ نشستوں کے لئے انتخابات 14 مارچ کو ہونے والے ہیں۔ دونوں سیٹیں بی جے پی کے رام چندر راؤ اور ٹی آر ایس کے پی راجیشور ریڈی کی مدت پوری ہونے کے بعد خالی ہوئیں۔
ٹی آر ایس نے ایک بار پھر راجیشور ریڈی کو نلگنڈہ، ورنگل۔ کھمم حلقہ سے میدان میں اتارا ہے۔ بی جے پی نے پہلے ہی رامچندر راؤ کو حیدرآباد-رنگاریڈی-محبوب نگر سیٹ سے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ کانگریس نے چننا ریڈی کو اپنا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔