حیدرآباد: لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات کے اختتام کے وقت حیدرآباد میں ٹریفک جام کی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔
ریاست کے بیشتر مقامات کی اہم سڑکوں پر 12 بجے دوپہر سے ایک بجے دن کے درمیان ٹریفک جام دیکھی جارہی ہے، یہ سلسلہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے۔
ان اوقات کے درمیان بڑے پیمانہ پر لوگ خریداری اور دیگر کاموں کے سلسلہ میں سڑکوں پر نکل رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ٹریفک جام دیکھی جارہی ہے اور ہر کوئی گھر واپس ہونے کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہا ہے۔
شہر کے دلسکھ نگر سے کوٹھی، پنجہ گٹہ سے کوکٹ پلی کے ساتھ ساتھ سکندرآباد، بوئن پلی، رانی گنج، افضل گنج، نلگنڈہ چوراہا ملک پیٹ سمیت پرانے شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں یہی صورتحال دیکھی جارہی ہے۔
دو بجے دن سے لاک ڈاؤن پر عمل کے پیش نظر ہر کوئی گھر واپس ہونے کی جلد بازی کررہا ہے۔ کئی گاڑی سواروں کا احساس ہے کہ اگر ان کو گھر جانے میں تاخیر ہوگئی اور دو بج گئے تو ان کو پولیس کی جانب سے روک لیا جائے گا اور ان کی گاڑی کو ضبط کرلیا جائے گا۔