ضلع نظام آباد کے سرکنڈہ میں سینئر کانگریسی رہنما اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان کی قیادت میں بڑے پیمانے پر ٹریکٹر ریلی نکالی گئی۔
اس موقع پرطاہر بن حمدان نے کہا کہ دہلی میں گزشتہ 60 دنوں سے کسان زرعی قانون کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ مگر حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہورہا ہے۔ اس ریلی میں اطراف و اکناف کے سینکڑوں کسانوں نے اپنے ٹریکٹرز کے ساتھ ریلی میں پہنچ کر ضلع کے کسانوں سے اظہار یگانگت کیا۔
ضلع عادل آباد میں جدید زرعی قانون کے خلاف کسانوں سے اظہار یگانگت پیش کرنے کی غرض سے مستقر عادل آباد میں یوم جمہوریہ کے موقع پر کانگریس کی جانب سے ’’ ٹریکٹر‘‘ ریلی کا اہتمام کیا گیا۔
ادھر نارائن پیٹ ضلع مستقر پر یوم جمہوریہ کے موقع پر مرکزی حکومت کی کسان دشمن پالیسیز اور کسانوں کے خلاف تین قوانین کے خلاف اپوزیشن جماعتوں جس میں کانگریس ، تلگودیشم ، سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ایل کے علاوہ تمام بائیں بازو کی جماعتوں نے موٹر سیکل احتجاجی ریالی نکالی، جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ضلع کلکٹریٹ پر پہنچی جہاں دھرنا منظم کیا گیا۔