ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں ٹماٹر کی قیمت میں بھاری اضافہ ہوگیا ہے۔ چند دن قبل ٹماٹر کی قیمت دس روپئے فی کیلو ہوگئی تھی تاہم موجودہ طورپر اس کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ 'اس کی پیدوار میں کمی اور طلب میں اضافہ کے نتیجہ میں قیمت میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے۔ فی الحال ٹماٹر 40 تا 50روپئے فی کیلو کے حساب سے شہر حیدرآباد کے بازاروں میں فروخت کیاجارہا ہے۔
گڈی ملکاپور، بوئن پلی، ایل بی نگر، مادنا پیٹ، سکندرآباد مونڈامارکٹ اور شہر کے رعیتو بازاروں میں اس کی قیمتوں میں اچھال نظر آرہا ہے کیونکہ اس کی سپلائی میں کمی ہوگئی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ 'شہر کی مختلف مارکٹس کو قبل ازیں روزانہ 120 تا 150 لاری ٹماٹر لایا جاتا تھا تاہم موجودہ طور پر صرف 50 تا 60 لاری ٹماٹر ہی لایاجارہا ہے۔
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کو ریاست کے اضلاع رنگاریڈی، میدک، سدی پیٹ، نظام آباد، نلگنڈہ، محبوب نگر کے ساتھ ساتھ پڑوسی ریاست اے پی کے چتور اور کرناٹک کے بنگالورو سے ٹماٹر لایاجاتا ہے۔
تاہم تاجرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند دنوں سے ٹماٹر کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں مارکٹس میں سپلائی میں بھی بتدریج کمی ہوئی ہے۔
تاجرین کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند دنوں سے نامناسب موسم کی وجہ سے ٹماٹر کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے۔