حیدرآباد: تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے کوناپور میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین نابالغ لڑکے ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق بھیمارم منڈل مستقر کے رہنے والے 18سالہ محمد معین خان، راگوجی پیٹ کے رہنے والے 17سالہ جی ابھیشیک اور میڈپلی منڈل کے رہنے والے 15سالہ بی وی سندیش، ایک تقریب میں کیٹرنگ کا کام کرنے کے لیے ملیال منڈل گئے ہوئے تھے۔ واپسی کے دوران شام میں ان تینوں کی بائیکس کو ڈی سی ایم وین نے ٹکر دیدی۔ اس وین مخالف سمت سے آرہی تھی۔ شدید طورپر زخمی افراد کو مقامی افراد نے علاج کے لیے جگتیال کے سرکاری اسپتال منتقل کیا جہاں علاج کے دوران معین خان اور ابھشیک کی موت ہوگئی۔ ورون کی حالت کے تشویشناک ہونے پر اس کو بہتر علاج کے لیے کریم نگر کے سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس نے علاج کے دوران آخری سانس لی۔
دوسری جانب سکندرآباد میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ یہ حادثہ سکندرآباد کے الوال پولیس اسٹیشن کے حدود کے سبھاش نگر، ملٹری ڈیری فارم روڈ الوال میں کل شب پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق 26سالہ خاتون جس کی شناخت شیوانی کے طورپر کی گئی ہے، تیز رفتاری سے کار چلارہی تھی کہ اس نے کا ر کا توازن کھودیا اور یہ کار ایک شخص کے ساتھ ساتھ دو چھوٹی دکانات، دوموٹرسائیکلوں اور ایک ہائی ٹنشن وائر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ کی شدت کے نتیجہ میں ہائی ٹنشن وائر دو تکڑے ہوگیا جس میں سے ایک تکڑا موٹر سائیکل پر وہاں سے گزرنے والے سوئگی بوائے پر گرپڑا جس کے نتیجہ میں وہ شدید طور پر جھلس گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک کی موت ہوگئی۔ پولیس نے بتایا کہ شیواونی، سافٹ ویر ملازمہ ہے۔شبہ کیاجاتا ہے کہ شیوانی نے اکسلیٹر پر پیر رکھ دیا جس کے نتیجہ میں کار کی رفتار میں اضافہ ہوگیا اور اس نے کار کاتوازن کھودیا اور یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں: Telangana Road Accident تلنگانہ کے کریم نگر ضلع میں سڑک حادثہ، دو ہلاک
یو این آئی