حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے کسانوں کو بینک قرضوں سے آزاد کرنے کے لیے کسانوں کے قرض معافی کے عمل کو تیز کیا ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ جن کسانوں نے اب تک 99,999 روپے تک کا قرض لیا ہے ان کے لیے قرض کی معافی مکمل ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر کے حکم کے مطابق، پیر کے روز یہ اعلان کیا گیا ہے کہ 10.79 لاکھ کسانوں کے 6,546 کروڑ روپے کے قرض معاف کردیئے گئے ہیں۔
ریاستی حکومت جو پہلے ہی اس اسکیم کے سلسلے میں ہر ہفتے کچھ رقم جمع کر رہی ہے، خزانے میں آنے والی آمدنی کے مطابق ادائیگی کر رہی ہے۔ اس حد تک، اس نے غیر ٹیکس آمدنی پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ ویسے بھی حکومت کو امید ہے کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے تک یہ عمل مکمل ہو جائے گا۔
دوسری طرف وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر نے کسانوں کے 99,999 روپئے تک کے قرضوں کو معاف کرکے اپنا وعدہ پورا کیا ہے۔ اس پر انہوں نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے خواہ کتنی ہی اقتصادی رکاوٹیں کھڑی کیں، کورونا جیسے مشکل حالات کے باوجود، سی ایم نے کسانوں کی فلاح و بہبود پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے ایک ایسی ریاست کے طور پر ریکارڈ قائم کیا ہے جس نے سب سے زیادہ آمدنی حاصل کی ہے۔ ایک ہی دن میں 9 لاکھ 2 ہزار 843 کسانوں کے کھاتوں میں 5,809.78 کروڑ روپے منتقل کرکے تلنگانہ ٹریژری کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔
ہریش راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں جو زرعی اسکیموں پر عمل کیا جارہا ہے جو کہ ملک کے کسی اور مقام پر نہیں ہے اس بات کا ثبوت ہے کہ کے سی آر کسانوں کے حقیقی ہمدرد ہیں۔
وزیر کے ٹی آر نے ٹویٹر پر کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی حکمرانی میں کسان کو ایک اور بڑا اعزاز ملا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حکومت نے آج ایک ہی دن میں 9.02 لاکھ کسانوں کے 5,809 کروڑ روپے ایک ساتھ معاف کر دیے ہیں جن کے 99,999 روپے سے کم کا فصل قرض ہے۔ کے ٹی آر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ تلنگانہ نے ملک کی واحد ریاست کے طور پر مسلسل دوسری بار اتنے بڑے پیمانے پر کسانوں کے قرض معاف کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔