تلنگانہ کے کئی اضلاع میں منگل کے روز بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں فصلوں کو نقصان پہنچا۔موسم گرما میں اس طرح کی بے موسم بارش عموما ان دنوں ہر سال ہوتی ہے۔
کل شب طوفانی ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں آم کی فصل کے ساتھ ساتھ دیگرفصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اس تباہی پر کسانوں نے فکرمندی اور تشویش کا اظہارکیا ہے کیونکہ ان کا اس سے بھاری نقصان ہوا۔
ضلع نظام آباد کے کئی منڈلوں میں کسانوں کواس بے موسم بارش سے نقصان اٹھانا پڑا۔آم کے ساتھ ساتھ دھان کی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
ضلع کے گاندھاری منڈل میں سڑکوں پر رکھی ہوئی کٹی ہوئی فصل تر ہوگئی۔ساتھ ہی جوار،مکئی کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔بانسواڑہ منڈل کے سنگوجی پیٹ،ہنماجی پیٹ،ورنی منڈل،چنتل پیٹ تانڈہ میں نقصانات زیادہ ہوئے ہیں۔
جکران پلی منڈل کے سکندرپورمیں دھان کی فصل بہہ گئی۔چنتالور کے حدود میں ناریل کے درخت پر بجلی گرگئی۔اسی دوران کسانوں نے اس بے موسم بارش سے ہوئے نقصانات کی پابجائی کے لئے محکمہ زراعت کے عہدیداروں سے خواہش کی کہ وہ سروے کرتے ہوئے ان کو معاوضہ کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔