انٹرنل اسسمنٹ کے نشانات کی بنا پرطلباء کو گریڈ دئیے جائیں گے۔ وزیراعلی کےچندرشیکھرراو کی قیادت میں آج پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس میں اس بات کا اعلان کیا گیا۔
ریاست میں دسویں جماعت کے امتحانات کو منعقد کئے بغیر ہی تمام طلباء کو پروموٹ کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے فی الوقت دسویں جماعت کے امتحانات منعقد کرناممکن نہیں ہے۔
وزیراعلی کےچندرشیکھرراؤ نے امتحانات کے بغیر ہی تمام طلباء کو کامیاب قراردینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ دسویں جماعت کے طلباء کو انٹرنل امتحانات میں آنے والے نشانات کی بنیاد پر کامیابی کا گریڈ تعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی کےچندرشیکھرراؤ نے آج دسویں جماعت کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔
اِس اجلاس میں وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی‘ چیف سکریٹری سومیش کمار‘ پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم‘ چترا رام چندرن اور دوسروں نے شرکت کی۔
ریاست بھر میں 5لاکھ 34ہزار903 طلباء دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔ 6 مضامین کے 11پیپرس ہیں جن میں دو مضامین کی تین پیپرس کے امتحانات مارچ میں ہی منعقد ہوئے تھے تاہم کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہائیکورٹ نے دسویں جماعت کے امتحانات پر روک لگادی تھی۔
آج کے اجلاس میں وزیراعلی نے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں دسویں جماعت کے امتحانات کے سلسلہ میں اختیار کی گئی حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔ بعد ازاں ریاست کے تمام طلباء کو کامیاب قراردینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ڈگری اور پی جی کے امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں مستقبل کی صورتحال کی مناسبت سے فیصلہ کیا جائے گا۔