حیدرآباد: تلنگانہ میں چند واقعات کے ماسوا رائے دہی بہ حیثیت مجموعی پرامن رہی۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک ریاست بھر میں تقریباً 64 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ حیدرآباد میں سب سے کم ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ حیدرآباد میں صرف 40 فیصد پولنگ ہوئی۔ وہیں سب سے زیادہ میدک میں 80 فیصد سے زیادہ ووٹنگ درج کی گئی۔ ماونوازوں سے متاثرہ علاقوں کے حلقوں میں شام 4 بجے رائے دہی کا اختتام عمل میں آیاجب کہ 106 اسمبلی حلقوں میں رائے دہی شام 5 بجے اختتام کو پہنچی۔
تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں ووٹنگ جمعرات کو کچھ اکا دکا واقعات کو چھوڑ کر پرامن رہی اور ریاست میں تقریباً 64 فیصد رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ایک انتخابی افسر نے بتایا کہ شام 5 بجے کے مقررہ اختتامی وقت تک کل 3.26 کروڑ رائے دہندگان میں سے 63.94 فیصد اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پولنگ بوتھ پر پہنچے۔ تاہم، ریاست کے کل 119 حلقوں میں سے 13 نکسل متاثرہ سیٹوں پر پولنگ ایک گھنٹہ پہلے (شام 4 بجے) ختم ہوگئی۔ الیکشن افسر نے حتمی ووٹنگ کے اعداد و شمار میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
واضح رہے کہ 2018 میں ریاستی اسمبلی انتخابات میں 73 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلے اس بار ووٹنگ فیصد کم رہا ہے۔ حتمی ووٹنگ فیصد آنے کے بعد صورتحال واضح ہو سکے گی۔ تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) وکاس راج نے کہا ’’مختلف مقامات پر ایک یا دو معمولی جھڑپوں کو چھوڑ کر، ووٹنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ سی ای او راج نے کہا کہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے دو مقامات پر ای وی ایم تبدیلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دفتر کو بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) ایم ایل سی کے کویتا اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں، جنہیں متعلقہ ضلعی انتخابی حکام کو ان کی رپورٹس کے لیے بھیجا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایگزٹ پول: راجستھان میں بی جے پی آگے، کانگریس کو چھتیس گڑھ میں سبقت، تلنگانہ میں بی آر ایس کو نقصان اور مدھیہ پردیش میں کانٹے کا مقابلہ
حکام نے 5 بجے قطار میں ٹہرے افراد کو بھی حق رائے دہی سے استفادہ کا موقع دیا۔ شہری علاقوں کے برخلاف دیہی علاقوں میں رائے دہی کے سلسلہ میں رائے دہندوں کا کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ صبح ہی سے مراکز رائے دہی میں مردوخواتین کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ کئی نوجوان لڑکے لڑکیوں نے بھی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ انہوں نے پہلی مرتبہ رائے دہی میں حصہ لینے کے تجربہ کو مثبت قرار دیتے ہوئے جمہوریت کے اس جشن میں پہلی مرتبہ حصہ داری حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ اضلاع میں رائے دہی کا فیصد قابل لحاظ رہا جب کہ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں رائے دہی کے فیصد میں کمی دیکھی گئی۔ ریاست کے بعض مراکز رائے دہی میں الکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی کے سبب رائے دہی میں رکاوٹ بھی درج کی گئی۔
یو این آئی