تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے سال 2021 میں ذاتی پلاٹ مالکین کو مکان کی تعمیر کےلیے 5لاکھ روپئے فراہم کرنے کی اسکیم کا اعلان کیا تھا لیکن امسال بجٹ میں اس اسکیم کےلیے تلنگانہ کے تمام حلقہ جات اسمبلی میں مجموعی طور پر 3لاکھ 57ہزار مکانات کی تعمیر کیلئے فی کس 3لاکھ روپئے کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ Telangana Government on Plot Owners
حکومت کی جانب سے بجٹ میں اعلان کردہ اسکیم کے مطابق جن لوگوں کے پاس پلاٹ موجود ہے اور اس پر مکان کی تعمیر کےلیے پیسہ نہیں ہے ان کو 3لاکھ روپئے کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی جس کے ذریعہ مالکین اپنے پلاٹس پر مکان تعمیر کرسکتے ہیں۔حکومت کے منصوبہ کے مطابق تلنگانہ کے ہر حلقہ اسمبلی میں سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے 3000 ایسے خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی جن کے پاس اراضی ہے لیکن تعمیر کیلئے پیسہ نہیں ہے۔
حکومت کی جانب سے انہیں 3لاکھ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ اس اسکیم پر عمل آوری کی ذمہ داری امکنہ کے امور کی نگرانی کرنے والے عہدیداروں کو دی اورکہا گیا کہ ارکان اسمبلی کی جانب سے نشاندہی کردہ افراد کی درخواستوں کی وصولی کے ساتھ ان لوگوں کو جن کے پاس پلاٹس موجود ہیں انہیں مکان کی تعمیر کے لئے سرکاری امداد کی رقم کی اجرائی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں۔