ڈائرکٹر صحت عامہ تلنگانہ ڈاکٹر سرینواس نے ریاستی ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نجی اسپتالوں میں کورونا کا علاج، معائنوں کے سلسلہ میں اعظم ترین شرحوں کا تعین کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 170 نجی اسپتالوں کے خلاف 350 شکایات وصول ہوئی ہیں۔ 30شکایات کی یکسوئی کرتے ہوئے متاثرین کو 72.20لاکھ روپئے کی رقم واپس دلائی گئی۔بقیہ متاثرین کے ساتھ انصاف کی کوشش کی جائے گی۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال پر معاملہ کی ہائی کورٹ نے سماعت کی جس میں سرینواس راو نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔
انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں روزانہ تقریبا 1.17لاکھ کورونا کے معائنے کئے جارہے ہیں۔ مثبت شرح ایک فیصد کم ہوئی ہے۔ریاست میں ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے۔ 28.76 لاکھ افراد کو دوسرا ڈوز، 68.48لاکھ افراد کو پہلا ڈوز دیاگیا ہے۔
ریاست میں اب تک 1.94کروڑ افراد کو ٹیکے دیئے گئے ہیں۔ اس ماہ کی 29تاریخ تک مرکز سے 10.76لاکھ ڈوز وصول طلب ہیں۔ انتہائی جوکھم والے گروپس سے تعلق رکھنے والے 23.11لاکھ افراد کو ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ بیرونی ممالک جانے کے خواہشمند 6874 طلبہ کو ٹیکے دئے گئے۔ کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔
سرکاری اسپتالوں میں 27,141 بستروں میں سے 10,244 بستروں کو آکسیجن کے ساتھ تیار رکھاگیا ہے۔بقیہ 16,914کو آکسیجن کے ساتھ لیس کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔نیلوفر اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں بچوں کیلئے خصوصی 6ہزاربستروں کو تیار رکھاگیا ہے۔بچوں کے علاج کے سلسلہ میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے مشورے لئے جارہے ہیں۔بچوں کے علاج کے لئے درکار دواوں کو تیار رکھاجارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس کانسٹیبل کا بروقت اقدام، زخمی شخص کو زندگی ملی