تلنگانہ حکومت نے عوام کی سہولت کےلیے کورونا سے متعلق ٹسٹ آر ٹی پی سی آر کی قیمت میں کمی کردی ہے۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی جانب سے جی او آر ٹی 539 جاری کیا گیا۔
آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے چارجس کو 850 سے گھٹاکر 500 کیا گیا جبکہ گھر سے آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کا سیمپل کلکشن کی فیس 1200 سے گھٹاکر 750 کی گئی ہے۔
یہ دوسرا موقع ہے جب کورونا ٹسٹ کی شرحوں میں کمی کی گئی۔ نومبر میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کو 2200 روپئے سے گھٹاکر 850 روپئے کیا گیا تھا جبکہ گھر سے سیمپل کلکشن کے چارجس 2600 روپئے سے گھٹاکر 1200 روپئے کئے گئے تھے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ٹیسٹوں کی شرح میں کمی کی سفارش کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سے متعلق کٹس کی دستیابی آسان ہوچکی ہے۔ لہذا عوام پر بوجھ کم کرنے کےلیے قیمتوں میں کمی کی جائے ۔ ٹسٹوں کے سلسلہ میں سرکاری اور نجی لیباریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈلائینس پر سختی سے عمل کریں۔ اسی دوران محکمہ صحت نے برطانیہ اور ساؤتھ افریقہ میں کورونا کی نئی قسم کے وائرس کے منظر عام پر آنے کے بعد عوام کو چوکسی کا مشورہ دیا ہے ۔ نئے سال کی تقاریب اور کرسمس کے موقع پر عوام کو ہجوم سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:'تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر کا کوئی امکان نہیں'