سال نو سے قبل وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ نے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ، وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ اور تمام سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی ہے۔
حکومت کے اس فیصلہ سے ریاست میں 9.37 لاکھ ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعلی نے تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے سلسلہ میں جو بھی اضافی بوجھ ہوگا ضرورت پڑنے پر حکومت برداشت کرے گی۔
وزیراعلی نے سرکاری ملازمین سے متعلق تمام مسائل کی فروری تک یکسوئی کا عہد کیا ہے جن میں تنخواہوں میں اضافہ، ریٹائرمنٹ ایج میں اضافہ، ترقی اور تبادلے، سروس رولس کو آسان بنانا، ملازمین کے سبکدوشی کے وقت تمام ریٹائرمنٹ بینیفٹس کی ادائیگی کے ساتھ گرمجوشانہ وداعی اور متبادل تقررات جیسے اُمور شامل ہیں۔
تنخواہوں میں اضافہ تمام سرکاری ملازمین، گرانٹ اِن ایڈ ملازمین، ورک چارجڈ ملازمین، ڈیلی ویجس ملازمین، فُل ٹائم و پارٹ ٹائم ملازمین، ہوم گارڈز، آنگن واڑی ورکرس، کانٹریکٹ اینڈ آؤٹ سورسنگ ملازمین، آشا ورکرس، ودیا والینٹیئرس، ایس ای آر پی ملازمین اور اعزازیہ حاصل کرنے والے ملازمین کیلئے قابل عمل رہے گا۔ وظیفہ یاب ملازمین کیلئے بھی اضافہ کیا جائے گا۔
وزیراعلی نے چیف سیکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں پرنسپل سیکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری ایریگیشن رجت کمار بحیثیت ارکان شامل کئے گئے ہیں۔ یہ کمیٹی سرکاری ملازمین کے مسائل اور پے رویژن کمیشن کی رپورٹ کا جائزہ لے گی۔
پے رویژن کمیشن جنوری کے پہلے ہفتہ میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرے گا۔ مذکورہ کمیٹی ملازمین کی یونینوں اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ جنوری کے دوسرے ہفتہ میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ، وظیفہ پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ، سروس رولس کو آسان بنانا، پروموشن رولس اور دیگر قانونی رکاوٹوں کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی سفارشات پر ریاستی کابینہ قطعی فیصلہ کرے گی۔