تلنگانہ قانون ساز کونسل کے دو گریجویٹس حلقوں محبوب نگر۔ رنگاریڈی۔ حیدرآباد اور ورنگل۔ کھمم۔ نلگنڈہ کے ووٹوں کی17مارچ کو ہونے والی گنتی کے سلسلہ میں حیدرآباد کے سرورنگر اسٹیڈیم میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے ہر راونڈ میں 56ہزار ووٹوں کی گنتی کا فیصلہ کیا ہے۔ہر حلقہ میں بڑے پیمانہ پر امیدواروں کے مقابلہ کے پیش نظرووٹوں کی گنتی میں زائد وقت درکار ہوگا۔
محبوب نگر۔رنگاریڈی۔حیدرآباد حلقہ میں 5,31,268 گریجویٹ رائے دہندے ہیں جن میں سے 3,57,354 نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ ورنگل۔کھمم۔ نلگنڈہ حلقہ کے 12اضلاع کے 5,05,565 رائے دہندوں میں سے 3,86,320 نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔دونوں حلقوں میں رائے شماری کے لئے 1606 اہلکاروں کی خدمات سے استفادہ کیاجارہا ہے۔
محبوب نگر۔رنگاریڈی۔حیدرآباد حلقہ کے لئے 806اہلکار ووٹوں کی گنتی کے عمل میں حصہ لیں گے۔ ورنگل ۔ کھمم۔ نلگنڈہ حلقہ کے ووٹوں کی گنتی کے لئے 800اہلکار ووٹوں کی گنتی کا کام کریں گے۔ایک ٹیبل کے لئے ایک سوپر وائزر،دو اہلکار،ایک مائیکرو آبزرور ہوگا۔
یواین آئی -