صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کے متنازعہ ریمارکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی صدر حیدآباد کے امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنا چاہتے ہیں۔
اتم کمار ریڈی نے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات کی مہم کے تحت کوکٹ پلی اسمبلی حلقہ کے موسیٰ پیٹ اور اولڈ بوئن پلی علاقوں کا دورہ کیا ۔ انہوں نے روڈ شو کے ذریعہ رائے دہندوں سے خطاب کیا اور اپیل کی کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے بہکاوے میں آئے بغیر کانگریس کو کامیاب بنائیں۔
انہوں نے بی جے پی صدر بی سنجے کو حیدرآباد کے لئے غیر مقامی قرار دیا اور کہا کہ بی سنجے حیدرآباد کی تاریخ سے ناواقف ہیں۔ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ فرقہ وارانہ بیانات سے سماج کو کس قدر نقصان ہوگا۔ بنڈی سنجے کریم نگر میں ایک معمولی کارپوریٹر تھے اور اتفاقی طور پر پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوگئے۔ بعد میں انہیں ریاستی صدر مقرر کیا گیا۔
حیدرآباد کے لئے سنجے غیر مقامی ہونے کے ساتھ ساتھ روایتی تہذیب اور تمدن سے عاری ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ' چارمینار دواخانہ میں میری پیدائش ہوئی اور میں جانتا ہوں کہ حیدرآباد کے عوام کس طرح آپس میں شیر و شکر زندگی بسر کرتے ہیں۔' حیدرآباد کی روایات اور مذہبی رواداری کی مثال کسی اور شہر میں نہیں ملتی۔ گزشتہ 400 برسوں سے مختلف مذاہب کے ماننے والے پرامن زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ پرست جماعتوں کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔