حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی مہم جمعرات کی شام کو تھم گئی۔ ریاست میں انتخابی مہم تھمنے سے پہلے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں نے بڑے پیمانے پر مہم چلائی۔ بھارت راشٹرا سمیتی ( بی آر ایس) ریاست میں مسلسل تیسری جیت کے لیے کوشاں ہے۔ جہاں کانگریس نے اقتدار میں واپسی کی کوشش میں اپنی چھ گارنٹیوں پر زور دیا، وہیں بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے پسماندہ طبقے کے امیدوار کو وزیر اعلیٰ بنانے کے نعرے کے تحت جم کرمہم چلائی۔
بی آر ایس نے بہت پہلے ہی مضبوط انتخابی مہم شروع کر دی تھی۔ بی آر ایس کے صدر اور وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے وزراء کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) اور ہریش راؤ کے ساتھ ریاست بھر میں بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ وزیراعلی کے سی آر نے اکیلے بی آر ایس امیدواروں کی حمایت میں ’پرجا آشیرواد سبھا‘ کے نام سے 96 عوامی اجلاسوں میں شرکت کی اور ان سے پارٹی امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے تلنگانہ میں انتخابی مہم کے دوران بالترتیب 23 اور 26 اجلاسوں سے خطاب کیا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے 10 انتخابی اجلاسوں میں شرکت کی۔ تلنگانہ کانگریس صدر ریونت ریڈی نے 55 انتخابی اجلاسوں سے خطاب کیا اور کرناٹک کے وزیراعلی سدا رمیا نے تین میٹنگوں میں حصہ لیا۔
یو این آئی۔