تلنگانہ کے وزیراعلی چندرشیکھر راو نے کووڈ-19 کے متاثرین سے علاج کے لئے زائد رقم پرائیویٹ اسپتالوں میں وصول کرنے کی بڑے پیمانہ پر شکایات کے بعد ریاست میں کارپوریٹ اسپتالوں میں علاج اور اس کے اخراجات پر نظر رکھنے کے لئے آئی اے ایس عہدیدار کی زیرقیادت ٹاسک فورس کے قیام کا اعلان کیا۔
انہوں نے کورونا کے اثرات۔اقدامات پر ریاستی اسمبلی میں مختصر مباحث کے دوران جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹاسک فورس آج ہی قائم کی جائے گی جو ہفتہ واری رپورٹس جاری کرے گی۔
یہ رپورٹس اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو بھیجی جائے گی تاکہ وبا کے متاثرین سے زائد رقم کی نامناسب طریقہ کار کے بارے میں سماجی بیداری پیدا کی جاسکے۔
انہوں نے کہا 'کارپوریٹ اسپتالوں کی نگرانی کی ضرورت ہے۔ کورونا کے علاج کے نام پر ان اسپتالوں کی جانب سے بھاری رقم وصول کی جارہی ہے۔ حکومت ان کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ کیا یہ وقت لوگوں سے زائد رقومات وصول کرنے کا ہے؟'۔
انہوں نے مجلس کے فلور لیڈر اکبرالدین اویسی اور سی ایل پی لیڈر ملوبھٹی وکرامارک کی بعض تجاویز کو قبول کرلیا اور کہا 'حکومت کورونا کو آروگیہ شری میں شامل کرنے کے امکانات کا جائزہ لے گی تاکہ غریبوں کی مدد کی جاسکے'۔
انہوں نے کہا 'پرائیویٹ اسپتالوں میں کوویڈ کے علاج سے استفادہ کرنے والے سفید راشن کارڈ رکھنے والوں کے علاج کے بلز کی رقومات بھی جاری کرنے پر غور کیاجائے گا'۔