آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ طالبان کا افغانستان پر قبضہ پاکستان کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچائے گا کیونکہ ملک کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) دہشت گرد تنظیم کو کنٹرول کرتی ہے۔
جمعرات کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ 'پاکستان نے افغانستان پر طالبان کے قبضے سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ القاعدہ اور داعش افغانستان کے کچھ علاقوں تک پہنچ چکے ہیں۔'
اویسی نے کہا کہ 'جیش محمد، جو پارلیمنٹ میں حملے سمیت دیگر دہشت گردی کاروائیوں میں ملوث ہے، وہ اب افغانستان کے ہلمند میں پناہ لیے ہوئے ہیں'۔ ہم سب کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ آئی ایس آئی طالبان کو کنٹرول کرتی ہے۔ آئی ایس آئی بھارت کا دشمن ہے اور وہ طالبان کو کٹھ پتلی کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ اویسی نے یہ بھی کہا کہ چین بھی طالبان کے قبضے سے فائدہ اٹھائے گا۔
اویسی نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ' ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں نو میں سے ایک بچی پانچ سال کی عمر ہونے سے پہلے ہی مرجاتی ہے۔ یہاں خواتین کے خلاف جرائم اور مظالم ہوتے ہیں لیکن وہ ( مرکزی حکومت) پریشان ہیں کہ افغانستان میں خواتین کے ساتھ کیا ہورہا ہے۔ کیا یہاں ایسا نہیں ہورہا ہے ؟
مزید پڑھیں: طالبان کو سلام پیش کرنے پر سجاد نعمانی کے خلاف پولیس میں شکایت
واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کو بھی ایم آئی ایم کے سربراہ نے کہا تھا کہ بھارت کو افغانستان پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے سے پہلے طالبان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ اب جب کہ افغانستان طالبان کے مکمل کنٹرول میں ہے، ہمارے پاس ان کے ساتھ بات چیت اور رابطہ کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ تمام بین الاقوامی اور سکیورٹی ماہرین نے کہا ہے کہ بات چیت ہونی چاہیے تھی۔ لیکن پچھلے سات سال سے مرکزی حکومت یہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔