ریاست تلنگانہ میں نافذ لاک ڈاون میں توسیع کے دوران پولیس کی جانب سے لاک ڈاون پرسختی سے عمل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں جگہ جگہ بیریکیڈس لگاتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔
یہ مہم صبح 11 بجے کے بعد شروع ہوتی ہے۔ غیرضروری سڑکوں پرنکلنے والوں کی گاڑیاں ضبط کرلی جارہی ہیں۔
ہاسپٹلس جانے والوں اور جن افراد کو لاک ڈاون سے مستثنیٰ قراردیا گیا ہے انھیں بلا رکاوٹ جانے دیا جارہا ہے۔
ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مہیندر ریڈی نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ لاک ڈاون پر سختی سے عمل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے پولیس کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی تھی اورکہا تھا کہ لاک ڈاؤن میں صبح 6 بجے دس بجے نرمی دی گئی ہے. لیکن دس بجے کے بعد بھی بازاروں میں ہجوم نظر آرہا ہے۔
ڈی جی پی نے ہدایت دی تھی کہ ہجوم کو کم کرنے صبح نو بجکر 45 منٹ سے ہی لوگوں کو گھر جانے کی ترغیب دی جائے اور دس بجے کے بعد بغیر اجازت سڑکوں پر نظر آنے والی گاڑیوں کو عارضی طور پرضبط کر لیا جائے۔
ڈی جی پی کے احکامات پرسختی سے عمل کیاجارہا ہے۔ تلنگانہ میں آج لاک ڈاون کا نواں دن ہے۔لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات میں تمام زونس کے پولیس کے سینئر عہدیدارصورتحال پر نظر رکھے ہوئے تھے اور اس بات کو یقینی بنایاگیا کہ کووڈ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیاجائے۔
پولیس ملازمین کی جانب سے رہائشی کالونیوں اور گلیوں پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ہنگامی خدمات والے افراد کو چھوڑ کر دیگر افراد جو غیر ضروری طورپر سڑکوں پر گھومتے ہوئے نظر آرہے تھے ان کے خلاف معاملات درج کرلئے گئے اور گاڑیوں کو ضبط کرلیاگیا۔
لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات میں بازاروں میں لوگوں کا ہجوم دیکھاگیاجو ضروری اشیا اور سبزیوں کی خریداری میں مصروف تھا۔پولیس نے ہدایت دی ہے کہ 10بجے کے بعد کوئی بھی سڑک پر نظر نہ آئے۔کل شب ہوئی بارش کے نتیجہ میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں لاک ڈاون میں نرمی کے اوقات میں گاڑی سواروں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔