حیدرآباد: لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں اضافہ کے بعد تلنگانہ آر ٹی سی کی جانب سے مزید بسیں چلائی جارہی ہیں۔ کورونا کی روک تھام کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن کے سبب خسارہ کی شکار آر ٹی سی بسیں حکومت کی ہدایت کے مطابق ہی چلارہی ہے۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات میں اضافہ کے بعد آر ٹی سی نے اضافی خدمات کا آغاز کردیا ہے۔ قبل ازیں لاک ڈاؤن میں پہلی توسیع کے دوران دس بجے دن تک بسیں چلائی گئی تھیں تاہم آمدنی 50 لاکھ بھی نہیں ہوپائی۔ 31مئی سے لاک ڈاؤن میں توسیع کے اوقات میں اضافہ کرتے ہوئے دو بجے دن تک کئے گئے تھے جس کے پیش نظر مزید بسیں سڑکوں پر نظر آئیں تاہم اس کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوا۔
معمول کی 50 لاکھ روپئے کی آمدنی نصف ہوگئی۔ آج سے دور دراز کے علاقوں کے لئے بھی آر ٹی سی بسیں چلائی جارہی ہیں۔ آرٹی سی کی بین ریاستی بس خدمات پر زائد آمدنی ہوتی تھی تاہم موجودہ طور پر لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان خدمات پر روک لگادی گئی ہے۔
ریاست میں فی الحال لوکل اور ڈسٹرکٹ بسیں چلائی جارہی ہیں۔ شہر حیدرآباد میں فی الحال 30 فیصد سٹی بسیں چلائی جارہی تھیں تاہم اب عہدیدار 70 فیصد بسیں چلانے کے لیے تیار ہیں۔