حیدرآباد: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ وڈرانے یقین ظاہر کیا کہ 3دسمبر کو کانگریس تمام 5 ریاستوں میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام تلنگانہ کے ساتھ ساتھ پانچ ریاستوں میں تبدیلی چاہتے ہیں۔ رابرٹ وڈرا نے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے سارنگاپور کی ہنومان مندر کے درشن کئے اور گاندھی چوک علاقہ کی مسجد پہنچ کر دعا کی۔ انہوں نے بالاسدن علاقہ میں یتیم بچوں میں کپڑے تقسیم کیے اور ان کے ساتھ کچھ وقت گذارا۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا ماننا ہے کہ گاندھی خاندان کی وجہ سے ہی ملک کا روشن مستقبل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا کل اعلان
رابرٹ واڈرا نے کہاکہ سخت محنت کے سبب کانگریس تمام 5 ریاستوں میں کامیاب ہوگی۔ یہ کہتے ہوئے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں،عوام فرقہ وارانہ مسائل،ایجنسیوں کی جانب سے ہراسانی نہیں چاہتے،انہوں نے کہا کہ عوام خواتین کی سلامتی بھی چاہتے ہیں۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ، بے روزگاری بھی اہم مسئلہ ہے۔ کئی معاشی مسائل بھی ہیں۔ عوام یہ مانتے ہیں کہ جب کانگریس کی حکومت تھی تویہ تمام مسائل نہیں تھے۔ اسی لئے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ ریاست تلنگانہ کے لئے جوبھی وعدے کئے گئے ہیں، ان کا خاندان اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اس پر عمل کیا جائے۔ رابرٹ وڈرا کے ساتھ مقامی کانگریس لیڈران بھی موجود تھے۔
(یواین آئی)