حیدرآباد، تلنگانہ کے ضلع سوریہ پیٹ میں پیش آئے خطرناک سڑک حادثہ میں 5افراد ہلاک اوردیگر کئی زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ ہفتہ کی شب منگالا۔سوریہ پیٹ کے نواح کی قومی شاہراہ پر اُس وقت پیش آیا جب لاری کے ڈرائیور نے اس کاتوازن کھودیااور یہ لاری، رانگ سائیڈ آنے والے ٹریکٹر سے ٹکراگئی۔ Road Accident in Suryapet
ذرائع نے بتایا کہ حادثہ کا سبب بننے والی لاری،حیدرآباد سے وجئے واڑہ کی سمت جارہی تھی جس کی رفتار تیز تھی۔اطلاعات کے مطابق ساگرلفٹ کنال کی ایک مندرمیں درشن کے بعد منوگالا سے تعلق رکھنے والے 38افراد ٹریکٹر میں اپنے گاوں کو واپس ہورہے تھے۔ان کا ٹریکٹر رانگ روٹ پر چلایاجارہا تھا۔
ذرائع کے مطابق گاوں جلد واپس ہونے کیلئے ٹریکٹر کا ڈرائیور رانگ روٹ پر گاڑی چلارہا تھا۔حادثہ اتنا شدید تھا کہ 5افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور کئی دیگر زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے راحت کام شروع کئے۔پولیس اور مقامی افراد نے مل کر گاڑیوں سے لاشوں کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو نکالا،لاشوں کو پوسٹ مارٹم اورزخمیوں کو علاج کے لئے مختلف اسپتالوں کو دیگر گاڑیوں میں پہنچانے میں کامیابی حاصل کی گئی۔15زخمیوں کو سوریہ پیٹ، کھمم اور حیدرآباد کے مختلف اسپتالوں کو منتقل کیاگیا جبکہ بعض دیگر کو پرائیویٹ اسپتال پہنچایاگیا۔دو زخمی خواتین کو علاج کے لئے حیدرآباد منتقل کیاگیا۔ان کے رشتہ داروں نے بتایاکہ ان خواتین کی حالت تشویشناک ہے۔پولیس نے بتایا کہ مہلوکین میں تین خواتین، ایک لڑکا،ایک ضعیف شخص بھی شامل ہے۔مہلوکین کا تعلق ایک ہی گاوں سے ہونے کے سبب گاوں میں غم کی لہر دوڑگئی ہے۔حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔ پولیس نے کافی جدوجہد کے بعد دونوں گاڑیوں کو وہاں سے ہٹاتے ہوئے اس روٹ کو ٹریفک کے لئے بحال کیا۔پولیس نے اس خصوص میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔
مزید پڑھیں:Telangana Road Accident تلنگانہ میں دو مختلف سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک
یواین آئی