مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز میں نریندر مودی حکومت کے 8 سال کی تکمیل کے موقع پر مختلف پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت کے برسراقتدار آنے سے قبل ملک میں کرپشن، اسکامس اور اقرباء پروری عروج پر تھی۔ مودی کے آٹھ سالہ دور حکومت میں ملک کو ایک مستحکم اور بہتر حکمرانی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے سے قبل فرقہ وارانہ فسادات، بم دھماکے معمول بن چکے تھے۔Kishan Reddy on Modi Government
شمال مشرقی ریاستوں میں بند اور راستہ روکو پروگرام ہوا کرتے تھے۔ بی جے پی برسراقتدار آنے کے بعد ان سرگرمیوں میں کمی واقع ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے مہنگائی کم کرنے کیلئے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے مرکزی ٹیکسیس کی حصہ داری میں 42 فیصد تک اضافہ کیا گیا جبکہ سابق میں صرف 30 فیصد حصہ داری ریاستوں کو دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرنا چاہیے۔