کے ٹی آر نے کہاکہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران کئے گئے تمام کاموں کی تفصیلات کو رپورٹ کی شکل دی جائے گی جس کو ”پرگتی نویدیکا“ (پروگریس رپورٹ)کا نام دیاجائے گا۔ اس رپورٹ کو جلد ہی جاری کیاجائے گا۔
وزیر موصوف نے منگل کو گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)کے کارپوریٹرس، ارکان اسمبلی، منتخبہ عوامی نمائندوں کے ساتھ اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کارپوریٹرس اور عوامی منتخبہ نمائندوں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد میں ٹی آرایس حکومت کی جانب سے کئے گئے تمام بہتر کاموں کو شہریوں کو تفصیل کے ساتھ بتایاجائے۔
انہوں نے غیر زرعی جائیدادوں کے مالکانہ حقوق کے طویل مسائل کے حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ دھرانی پورٹل کے سلسلہ میں شہریوں میں بیداری پیدا کی جائے گی اور حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مختلف وجوہات کی بنا پر بعض مقامات پر جائیدادوں سے متعلق مسائل شہر حیدرآباد میں پائے جاتے ہیں، ریاستی حکومت ان مسائل کو عوام کے مفاد میں حل کرے گی۔
کے ٹی آر نے کہاکہ ریاستی حکومت جائیدادوں کا تحفظ کرے گی اور ان جائیدادوں کے حقوق لوگوں کو فراہم کرے گی۔ ریاستی حکومت نے پہلے ہی دھرانی ویب سائٹ پر غیر زرعی جائیدادوں کی تفصیلات کا رضاکارانہ طورپر اندراج کروانے کے عمل کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درمیانی افراد یا ایجنٹس کا اس عمل میں کوئی رول نہیں ہوگا اور کسی کو بھی ایک پیسہ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے حیدرآباد رنگاریڈی محبوب نگر گریجویٹس ایم ایل سی انتخابات کے سلسلہ میں تمام گریجویٹس سے خواہش کی کہ وہ اپنے ناموں کا اندراج فہرست رائے دہندگان میں درج کروائیں۔