گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندراراجن نے آج حیدرآباد کی بوئن پلی سبزی مارکٹ کا معائنہ کیا جس کی ستائش وزیراعظم مودی نے گذشتہ ہفتہ اپنے من کی بات پروگرام میں کی تھی۔
وزیراعظم مودی نے ماہانہ ریڈیو پروگرام ”من کی بات“کے 73ویں ایڈیشن میں اس مارکٹ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ مارکیٹ بچی اور سڑی ہوئی سبزیوں سے بجلی تیار کر کے آمدنی میں اضافہ کررہی ہے۔
مارکٹ کے تاجروں نے سڑی ہوئی سبزیوں سے کامیابی کے ساتھ بجلی کی پیدا کرنے کا کام کیا۔ یہاں سے ہر دن ایک پلانٹ میں تقریبا دس ٹن کچرا نکالا جارہا ہے۔ 30 کیلو بائیوفیول کے علاوہ روزانہ تقریبا 500 یونٹ بجلی کی پیداوار ہورہی ہے۔
ان سڑی ہوئی سبزیوں سے پیدا ہونے والی بجلی سے منڈی کو روشن کیا جارہا ہے اور بائیوفیول کا استعمال منڈی کے کینٹین میں پکوان کے لئے کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں:
بجٹ تلنگانہ کے لیے مایوس کن: اتم کمار ریڈی
وزیراعظم کی جانب سے اس مارکٹ کی ستائش کئے جانے پر گورنر نے آج صبح اس کا معائنہ کیا اور سڑی ہوئی سبزی سے بجلی کی تیاری کے بائیو گیس پلانٹ کے کام کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ایس آئی آر۔آئی آئی سی ٹی کی جانب سے چلائے جانے والے اس پلانٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ 'یہ مارکٹ ریاست کے لئے فخر کی علامت ہے۔
انہوں نے کہاکہ مکانات اور دفاتر میں بائیوگیس پلانٹس کے قیام کی ضرورت ہے۔ آئی آئی سی ٹی کے سائنسدانوں کی ٹیم کو گورنر نے مبارکباد پیش کی اور مارکٹ کے معائنہ پر مسرت کا اظہار بھی کیا۔ گورنر نے اس مارکٹ کی سبزیوں کا بھی معائنہ کیا۔