ریاست آںدھراپردیش کے ضلع کڑپہ کے گولاپلی علاقہ کے کسانوں نے اپنی سبزیاں اور دیگر کٹی ہوئی فصل کو سڑک پر پھینک دیا، کیونکہ پولیس نے مارکٹ میں ان کی پیداوار کو فروخت کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔
اس سلسلہ میں لیا گیا ویڈیو سوشیل میڈیا پر بھی وائرل ہوگیا۔
اے پی کے سابق وزیراعلیٰ وتلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے بھی اس ویڈیو کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعہ پوسٹ کرتے ہوئے اس معاملہ پر حکومت پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو کسانوں کا ایک گروپ اپنی پیداوار جس میں تمام طرح کی سبزیاں تھیں کے ساتھ گولاپلی سے قریبی مارکٹ کے لیے روانہ ہوا، تاہم پولیس نے ان کی گاڑیوں کو روک دیا اور مارکٹ جانے کی ان کو اجازت نہیں دی۔
پولیس کی جانب سے اجازت نہ دیے جانے پر کسانوں نے اپنی پیداوار کو سڑک پر ہی پھینک دیا اور اس خصوص میں ایک ویڈیو بھی بنایا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
برہم کسانوں نے کہا کہ سبزیاں اور ضروری اشیا کو لانے والی گاڑیوں کو نہ روکنے کی واضح ہدایت کے باوجود ان کی گاڑیوں کو روکا جارہا ہے۔
ان کسانوں نے کہا کہ سڑک پر سبزیوں کو پھینکنا ایک طرح سے احتجاج ہے، اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اس کو دیکھنے والوں نے پولیس کے رویہ پر سخت نکتہ چینی کی۔