تلنگانہ کے وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا ہے کہ عوام کو ریاست میں جاری گھرگھر فیور سروے House to House Fever survey کے دوران تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے اتوار کےروز سنگاریڈی ضلع کے بھرت نگر ڈیویثرن کے حدود میں مختلف مقامات پر فیور سروے کا معائنہ Fever Survey Inspection کیا۔ انہوں نے سروے کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان میں بیداری بھی پیدا کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے تقریبا 29لاکھ 20ہزار مکانات کا اس سروے کے دوران احاطہ کیاگیا ہے اور تقریبا ایک لاکھ ہوم آئسولیشن کٹس Home Isolation Kits کی تقسیم کا کام انجام دیاگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ فیور سروے کے موقع پر عوام تعاون کریں۔انہوں نے واضح کیاکہ کوویڈ کو قابو میں کرنے کے لئے حکومت تمام طرح کے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چار تا پانچ دنوں کے دوران فیور سروے کا کام صد فیصد مکمل کرلیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں 56ہزار بستروں کو تیار رکھاگیا ہے۔کورونا سے متاثر ہونے والی حاملہ خواتین کو تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔حاملہ خواتین کے علاج کے لئے ریاست بھر کے سرکاری اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ علاج کے لئے پرائیویٹ اسپتالوں کا رخ نہ کریں کیونکہ ان اسپتالوں میں زائد رقم لی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی بیشتر ریاستوں میں کورونا کے معاملات میں کمی ہورہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں بھی کورونا کے معاملات میں کمی ہوگی تاہم انہوں نے عوام کو انتباہ دیا کہ وہ ماسک کا استعمال کریں اور وقفہ وقفہ سے ہاتھ صاف کرتے رہیں۔
یو این آئی