اسدالدین اویسی نے امت شاہ پر غلط بیانی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے این پی آر کے فیصلہ کو این آر سی کی راہ میں پہلا قدم بتایا ہے۔
انہوں نے این پی آر کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ این آر سی کی جانب پہلا قدم ہے۔ انہوں نے حکومت کی ویب سائٹ، خبروں اور پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ ملک کو گمراہ کر رہے ہیں۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران میرا نام لیکر کہا تھا کہ سارے ملک میں این آر سی کرایا جائے گا۔ وزیر داخلہ کی جانب سے ان پر گمراہ کرنے کا الزام لگائے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچ کہہ رہے ہیں لیکن خود وزیر داخلہ امت شاہ ملک کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے این پی آر اور این آر سی کو ایک سکہ کے دو رخ قرار دیا۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے اترپردیش میں ہوئی 18 ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور اس مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے کچھ نہ کہنے پر کڑی تنقید کی۔
انہوں نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے بیانوں پر تضاد کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینسس ایکٹ الگ ہے اور این پی آر کا ایکٹ الگ ہے جبکہ این پی آر، این آر سی کا پہلا قدم ہے۔