یہ واردات تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں گزشتہ پیر کو پیش آئی تھی جس میں ان دونوں ملزمین نے 43 سالہ خاتون کا بڑی ہی بے رحمی سے قتل کردیا تھا۔
مقتولہ خاتون کی شناخت آر ورالکشمی کے طورپر کی گئی ہے۔ یہ واردات نظام آباد ٹو ٹاون پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئی تھی۔ ملزمین کی شناخت 23 سالہ پی ناگاراجو اور 26 سالہ ناگیش کمارعرف راجو کے طورپر کی گئی ہے جو مقتولہ کے شوہر بلڈنگ کنسٹرکشن کا کام کرنے والے سرینواس کے لیے کام کرتے تھے۔
پولیس نے اس سنسنی خیز معاملہ کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملزمین نے ہولی کے موقع پر اس خاتون کے قتل کا منصوبہ بنایا تاکہ خون کے دھبے نظر نہ آئیں۔ پولیس نے کہاکہ دونوں ملزمین نے یوٹیوب پر جرم کی ایک فلم اور ویڈیوز دیکھ کر اس قتل کا جذبہ حاصل کیا۔ اصل ملزم ناگا راجو، سرینواس کے پاس مزدور کا کام کرتا تھا جبکہ ناگیش، سرینواس کا ڈرائیور تھا۔
پولیس کے مطابق ناگاراجو کو سرینواس تنخواہ مناسب طورپر ادا نہیں کررہا تھا جس پروہ مایوس تھا۔ناگیش بھی اس مسئلہ پر کافی برہم تھا اور ان دونوں نے مل کر سرینواس کی بیوی کے قتل کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا۔
کمشنر پولیس نظام آباد کارتکئے نے کہا کہ ان دونوں نے واردات انجام دینے سے پہلے ویڈیو دیکھی اور جرم کرنے کی ترکیب اس ویڈیو سے حاصل کی۔ان ملزمین نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔پولیس نے کہاکہ علاقہ میں لگے سی سی ٹی وی میں قید فوٹیج کے ذریعہ ملزمین کی نقل وحرکت پتہ چلی اور ان کے اس معاملہ میں رول کا انکشاف ہوا۔