مئیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) جی وجئے لکشمی نے کہا ہے کہ سرسبزی وشادابی کے پروگرام ہریتا ہارم کے حصہ کے طور پر گریٹر حیدرآباد میں ایک کروڑ سے زائد پودے لگائے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ اس پروگرام کا آغاز آج ہی سے ہوگا۔ مئیر نے اپنی سالگرہ کے موقع پر لوٹس پاؤنڈ پارک میں گرین انڈیا چیلنج کے حصہ کے طورپر پودا لگایا۔
سرسبزی و شادابی میں اضافہ کیلئے حکمران جماعت ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار کی جانب سے گرین انڈیا چیلنج شروع کیا گیا ہے۔ جس کا کافی بہتر ردعمل حاصل ہورہا ہے کیونکہ کئی اہم شخصیات نے اس گرین انڈیا چیلنج میں حصہ لیتے ہوئے مختلف مقامات پر شجرکاری کی۔
سالگرہ کے موقع پر اس پروگرام کے حصہ کے طور پر پودا لگانے پر سنتوش کمار نے مئیر کو مبارکباد پیش کی۔ بعد ازاں رکن راجیہ سبھا نے اپنے ٹویٹر ہینڈل کے ذریعہ وجئے لکشمی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی سال بھر خوشی اور مسرت کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تلنگانہ: تین بیٹوں نے اپنی ضعیف ماں کو سڑک پر چھوڑ دیا
انہوں نے مئیر کی جانب سے کی گئی شجرکاری کی تصاویر بھی اپنے ٹوئیٹر ہینڈل کے ذریعہ پوسٹ کی۔
(یو این آئی)