حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ کے سی آر نے اسمبلی سیشن میں اعلان کیا کہ ریاست بھر میں دس ہزار ائمہ و موذنین کے علاوہ ماباقی 6 تا 7 ہزار ائمہ و موذنین کو بھی ماہانہ پانچ ہزار روپے دیا جائے گا۔ تاکہ ان کی معاشی مدد ہوسکے اور وہ بلا کسی فکر کے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
انہوں نے کہاکہ پری میٹرک اسکالرشب ماضی قریب تک مرکزی حکومت کے ذمہ تھی جس کو مرکزی حکومت نے بند کیا ہے. جس کی وجہ سے غریب طلبہ کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ مگر وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ نے وعدہ کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پری میٹرک اسکالرشب دی جائے گی۔ علاوہ ازیں گریٹر حیدرآباد میں قبرستانوں کے لیے 125 ایکڑ زمین بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے وزیر اعلیٰ کے سی آر کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا کہ ملک بھر میں ایسا قائد ملنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر مسلمانوں کے حقیقی خیرخواہ ہیں، جو مسلمانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Jaipur-Mumbai Train Firing فائرنگ میں ہلاک سیف الدین کی بیوہ انجم شاہین کو سرکاری نوکری حاصل
محمد محمود علی نے کہا کہ ایک طرف مرکز کی بی جے پی حکومت ملک بھر میں ہندو مسلمان کی سیاست کرتے ہوئے سماج میں نفرت اور تشدد کو بڑھاوا دے رہی ہے تو دوسری طرف تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت ریاست کے تمام طبقات کو ترقی دے رہی ہے۔