کورونا سے ہلاک افراد کی آخری رسومات کی ادائیگی میں ہورہی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ ویلفیئر فاونڈشین کی جانب سے موبائیل غسل وین کو متعارف کیا گیا ہے۔ اس موبائیل غسل وین میں مسلمان میت کو غسل دینے سے متعلق تمام سہولتیں مہیا کرائی گئی ہیں۔
تلنگانہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے صدر سید جلال الدین ظفر نے بتایا کہ موجودہ حالات میں وبا کی وجہ سے مرنے والے افراد کو غسل دینے اور تدفین میں کافی دشواریاں پیش آرہی تھیں جسے دیکھتے ہوئے موبائیل غسل وین کا آغاز کیا گیا۔ اس کے ذریعہ مسلمان میت کو شرعی طریقہ سے غسل دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ موبائیل غسل وین میں تمام جدید طرز کی سہولیات بھی مہیا کرائی گئی ہیں۔ غسل وین کو گیزر، شاور، تختہ وغیرہ کے علاوہ دیگر سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب افراد کےلیے مکمل کفن اور غسل کا انتظام مفت کیا جائے گا جبکہ دیگر افراد سے مناسب رقم لی جائے گی۔ موبائیل غسل وین میں کورونا سے متاثر میتوں کے علاوہ تمام مسلم میتوں کو غسل دیا جائے گا۔ فاونڈیشن کی جانب سے اب تک 2 ہزار سے زائد میتوں کی تدفین عمل میں لائی جاچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حیدرآباد میں مچھروں کی افزائش کی روک تھام کےلیےاقدامات
تلنگانہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اس قدم سے غریب افراد کے علاوہ کامپلیکس میں رہنے والے افراد کو سہولت فراہم ہوگی۔