حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ جو ہمیشہ پریشان حال افراد کے ساتھ ساتھ بیماروں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے دفتر کو ایک مسلم خاندان کی مدد کی ہدایت دی۔
شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ایک دس سالہ لڑکا اپنی بہن سکینہ بیگم کے برین کینسر کے علاج کے لئے پرندوں کا دانہ فروخت کرتے ہوئے رقم جمع کررہا ہے۔
اس ننھے لڑکے کی اپنی بہن کے علاج کے لئے رقم جمع کرنے کی مساعی اور اس کے جذبہ وعزم کو دیکھ کر تارک راما راؤ جو سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم رہتے ہیں انہوں نے اپنے دفتر کو اس لڑکے کے خاندان کی مالی مدد کرنے کی ہدایت دی۔
اس لڑکے کی ماں نے کہا کہ لڑکی کی ریڈیشن تھراپی کیلئے ہی ان کو سرکاری طور پر رقم ملی۔ اس سے ہٹ کر انہیں رقم نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ لڑکی کا علاج کافی مہنگا ہے۔
واضح رہے کہ شہر حیدرآباد کے مصروف ترین علاقہ ٹولی چوکی مین روڈ پر پستہ ہاؤز کے قریب یہ 10 سالہ لڑکا جس کی شناخت سید عزیز ریحان کے طورپر کی گئی ہے صبح سے ہی گاہکوں کا منتظر نظر آتا ہے۔
یہ معصوم اور حالات کا مارا مجبور لڑکا اپنی عمر اور بچپن سے پرے کبوتروں کا دانہ فروخت کرتا ہے تاکہ کینسر میں مبتلا اپنی بہن کی دوا کا انتظام کرسکے۔
مزید پڑھیں:
حیدرآباد: دو نوجوانوں نے 'موبائل گھر' کے سہارے کھڑا کیا کاروبار
مختلف علاقوں سے والدین اپنے بچوں کے ساتھ صبح کے اوقات میں یہاں پہنچتے ہیں اور کبوتروں کو دانہ ڈالتے ہیں۔ بچے کبوتروں کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں تو دوسری طرف سید عزیز ریحان کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ جلد از جلد اس کا مال فروخت ہوجائے اور اس کی 12سالہ بہن سکینہ بیگم کیلئے ادویہ کا نظم ہوجائے۔
روزانہ صبح 6 بجے ریحان ٹولی چوکی پہنچ جاتا ہے اور 8 بجے صبح تک کبوتروں کا دانہ فروخت کرتا ہے۔ بعدازاں ریحان زیور تعلیم سے آراستہ و پیراستہ ہونے کیلئے مدرسہ کو چلا جاتا ہے۔
سید عزیز ریحان کی زندگی کی کہانی درد اور کرب پر مبنی ہے۔ غربت اور مجبوری کے باوجود یہ معصوم لڑکا کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتا۔ بلکہ اپنی زندگی کی تکلیف و مصیبت کو خود اپنی محنت ومشقت سے دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ٹولی چوکی محمدی لین کے ساکن ریحان کا تعلق انتہائی غریب خاندان سے ہے۔ اہل خیر حضرات یو سی او بنک سوریہ نگر کالونی ٹولی چوکی میں بلقیس بیگم کے اکاؤنٹ نمبر 17460110137673 آئی ایف ایس سی کوڈUCBA0001746 میں عطیات جمع کرواسکتے ہیں۔ تفصیلات کیلئے فون 7993538724 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔