تلنگانہ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا اختتام
مسلسل انتخابات کے سبب گزشتہ چند ماہ سے نافذ انتخابی ضابطہ اخلاق کا ہفتے کو تلنگانہ میں اختتام عمل میں آیا۔
ریاست میں ضلع پریشد انتخابات کے نتائج کے اعلان کے پیش نظر انتخابی ضابطہ اخلاق کو ختم کر دیا گیا۔
ریاستی انتخابی کمیشن کے سیکریٹری اشوک کمار نے یہ اعلان کیا ۔دراصل ریاست میں نومبر کے ماہ سے ہی انتخابی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں آیا تھا کیونکہ دسمبر میں تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات ہوئے تھے۔
ان انتخابات کے نتائج کے بعد کچھ دنوں تک ضابطہ اخلاق نافذ نہیں تھا لیکن اس کے چند دن بعد ہی جنوری میں گرام پنچایت کے انتخابات، اپریل میں لوک سبھا کے انتخابات، میء میں منڈل پریشد اور ضلع پریشد کے انتخابات اور تازہ طور پر ضلع پریشد کے صدورنشین کے انتخابات کے سبب انتخابی ضابطہ اخلاق ریاست میں نافذ تھا ۔
انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب ریاستی حکومت کسی بھی اسکیم کا اعلان نہیں کر سکی اور نہ ہی کوئی اہم فیصلے کیے جا سکے ۔گزشتہ روز ضلع پریشد کے صدور نشین کے انتخابات کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق کا اختتام عمل میں آیا۔