مولانا مفتی محمد عظیم الدین نقشبندی، صدر مفتی جامعہ نظامیہ و سابق چیف ایڈیٹر دائرۃ المعارف العثمانیہ و صدر نشین مجلس اشاعت العلوم جامعہ نظامیہ کا 82 سال کی عمر میں جمعہ 9 اپریل کو رات ساڑھے نو بجے سانحہ ارتحال ہوگیا۔
فقہی امور میں حضرت مفتی محمد عظیم الدین صاحب کو مہارت حاصل تھی۔ ملک و بیرون ملک کے متعدد ممتاز علما نے بھی آپ سے استفادہ کیا۔ مفتی عظیم الدین نے 36 سال تک بحیثیت صدر مفتی جامعہ نظامیہ میں خدمات انجام دیں اور تادمِ زیست اس منصب اعلیٰ پر فائز رہے۔ اس دوران انہوں نے 50 ہزار سے زائد فتاویٰ صادر کیے۔
اس کے علاوہ، مفتی عظیم الدین نے مجلس اشاعت العلوم جامعہ نظامیہ کے صدرنشین کے عہدہ پر 28 سال تک فائز رہے اور اس دوران آپ کی نگرانی میں سینکڑوں دینی و علمی کتب کی اشاعت عمل میں آئی۔
عالمی شہرت یافتہ ادارہ دائرۃ المعارف العثمانیہ سے مفتی عظیم الدینؒ تقریباً 40 سال تک وابستہ رہے۔ 2000 میں وہ چیف ایڈیٹر کے عہدہ سے سبکدوش ہو گئے۔ وہ صدر مجلس علمائے دکن و مرکزی رویت ہلاک کمیٹی حیدرآباد دکن کے رکن بھی تھے۔
رمضان کے نظام الاوقات اور اوقات الصلواۃ کو انہوں نے عرصہ دراز تک مرتب کر کے جاری فرمایا۔ بھارت میں عربی زبان کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر انہیں صدر کے ہاتھوں جمہوریہ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ مفتی عظیم الدین نقشبندی کے دست مبارک پر سینکڑوں افراد مشرف بہ اسلام ہوئے۔
مفتی عظیم الدین کا تعلق حیدرآباد کے علمی گھرانے سے تھا۔ وہ مولانا مفتی عبدالرحیم قادریؒ کے شاگردِ خاص، بھتیجے اور داماد تھے۔ مولانا نے ابوالبرکات حضرت سید شاہ خلیل اللہ نقشبندیؒ سے سلسلہ نقشندیہ میں بعیت کی تھی۔