تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آر ایس کے کارگذار صدر کے تارک راما راو نے پارٹی کے لیڈروں سے خواہش کی ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راو کی سالگرہ کے موقع پر پودے لگائیں۔

تارک راما راو جو وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راو کے فرزند اور ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی بھی ہیں نے انگریزی زبان میں کئے گئے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا ”17 فروری کو وزیراعلیٰ 66 برس کے ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام ہریتاہارم (سرسبز و شادابی کے پروگرام)کے لیے ان کے جذبہ سے واقف ہیں۔ میں ٹی آرایس کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہمارے رہنما کی سالگرہ کا جشن ایک پودا لگاتے ہوئے منائیں“۔
دوسری طرف ٹی آرایس کے رکن پارلیمنٹ جے سنتوش کمار جنہوں نے ریاست میں سرسبزی وشادابی میں اضافہ کے لیے کامیاب گرین چیلنج مہم کی شروعات کی ہے، نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیام میں کہا کہ ایک اہم شخصیت جنہوں نے طویل عرصہ کے تلنگانہ کے خواب کو پورا کیا کی سالگرہ کے موقع پر پودے لگائے جائیں۔ اس طرح کے تحفہ کو واپس کرنے پر وہ کافی خوش ہوں گے۔