حیدرآباد: ہر سال فروری کا مہینہ عاشق مزاج جوڑوں کے لیے اہم ہوتا ہے۔ ماہ فروری کا یہ رواں ہفتہ ویلنٹائن ویک کے طور پر جانا جاتا ہے، خصوصی طور پر 14 فروری کو محبت کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ دنیا بھر میں ویلنٹائن ڈے منایا جارہا ہے، جس میں بچے، نوجوان، بزرگ، مرد اور خواتین شادی شدہ و غیر شادی شدہ جوڑے ایک دوسرے کو تحفے اور تحائف دے کر محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنے عزیز رشتہ داروں کو بھی پھول دے کر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ ویسے تو ویلنٹائن ڈے 14 فروری کو منایا جاتا ہے، جسے لوگ محبت کا تہوار سمجھتے ہیں۔ اس دن جوڑے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ آخر کبھی کسی نے سوچا کہ یہ دن کیوں منایا جاتا ہے؟ آج ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں کہ یہ دن محبت کا دن کیسے کہلایا۔ ای ٹی وی بھارت نے اس سلسلے میں کچھ نوجوانوں سے خصوصی بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
ویلنٹائن کا آغاز کیسے ہوا؟
اس تعلق سے ویکیپیڈیا پر یہ لکھا گیا ہے کہ تیسری صدی عیسوی میں ویلنٹائن نام کا ایک پادری تھا جو ایک راہبہ (Nun) کے عشق میں مبتلا ہوا۔ چونکہ مسیحیت میں راہبوں اور راہبات کے لیے نکاح ممنوع تھا۔ اس لیے ایک دن ویلنٹائن نامی پادری نے اپنی معشوقہ کو گھیرنے کے لیے اس سے کہا کہ اسے خواب میں بتایا گیا ہے کہ 14 فروری کا دن ایسا ہے کہ اس میں اگر کوئی راہب یا راہبہ جسمانی تعلقات بھی قائم کر لیں تو اسے گناہ نہیں سمجھا جائے گا۔ راہبہ نے اس فریبی پادری پر یقین کرلیا اور دونوں نے کلیسا کی روایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زنا کے عمل میں مبتلا ہوگئے۔ اس کے بعد کلیسا کی روایات کی یوں دھجیاں اُڑانے پر ان کا حشر وہی ہوا جو عموماً ہوا کرتا ہے یعنی انہیں قتل کر دیا گیا۔ بعد میں کچھ منچلوں نے ویلنٹائن نامی اس فریبی پادری کو شہید ِ محبت کے درجہ پر فائز کرتے ہوئے اس کی یاد میں یہ دن منانا شروع کر دیا۔
ویلنٹائن ڈے کیوں منایا جاتا ہے؟
ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے نوجوانوں نے کیا کہا سنیے
ای ٹی وی بھارت نے حیدرآباد کے نوجوانوں سے بات کی اور ان سے معلوم کیا کہ آخر ویلنٹائن ڈے کیوں منایا جاتا ہے۔ جس میں اکثر لوگ نہیں جانتے کہ ویلنٹائن ڈے کیوں منایا جاتا ہے۔ لیکن یہ سچ ہے کہ ویلنٹائن ڈے کئی سالوں سے منایا جا رہا ہے لیکن اس کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
سینٹ ویلنٹائن کی یاد میں منایا جانے والا یا خاص دن
ویلنٹائن ڈے سینٹ ویلنٹائن کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس دن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ روم میں ایک پادری تھا، جس کا نام ویلنٹائن تھا، اسی کی یاد میں یہ ویلنٹائن ڈے منایا جاتا ہے۔ مبینہ طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ روم میں ایک بادشاہ تھا جس نے شادی پر پابندی لگا دی تھی۔ جس کے بعد سینٹ ویلنٹائن نے لوگوں کو سمجھایا اور محبت اور شادی کی اہمیت بتا کر ریاست بھر میں لوگوں کی شادیاں کروائیں۔ جس کے بعد 14 فروری کو اس بادشاہ نے سینٹ ویلنٹائن کو قتل کر دیا جس کے بعد ہر سال 14 فروری کو ویلنٹائن ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔
کیا محبت کے لیے سال میں ایک دن ہی مخصوص ہے
جب ہم نے نوجوانوں سے ویلنٹائن ڈے کے حوالے سے بات کی تو کئی نوجوانوں نے کہا کہ یہ صرف دکھاوے کا دن ہے، جو حقیقی محبت کرنے والے ہوتے ہیں وہ ہمیشہ محبت کرتے ہیں، صرف ویلنٹائن ڈے پر ہی محبت نہیں کی جاتی۔ ساتھ ہی کچھ لوگ اس کے حق میں بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ویلنٹائن ڈے محبت کی علامت ہے اور یہ ایک دوسرے کے ساتھ ہونے کا احساس دلاتا ہے۔