حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر عمارات و ٹرانسپورٹ ویمولا پرشانت ریڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلی تلنگانہ آج قومی دارالحکومت نئی دہلی میں بھارت راشٹریہ سمیتی (بی آر ایس) کے دفتر کا افتتاح کریں گے، جس کے لئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے وزراء، ایم ایل ایز، ایم پیز اور دیگر عوامی نمائندے دہلی میں اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ دوسری جانب پنجاب، ہریانہ، اتر پردیش، اڑیسہ اور تمل ناڈو کی ریاستوں کے کسان رہنماوں کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ Bharat Rashtra Samithi office inauguration
انہوں نے وزیراعلی کے چندر شیکھر راؤ کی ستائش کی اور کہا کہ وزیراعلی نے صرف 8 برسوں میں تلنگانہ ریاست کو ملک کی نمبر ون ریاست بنا دیا۔ انہوں نے زوردیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کسانوں اور غریبوں کے لیے نافذ فلاحی اسکیمات کو پورے ملک میں نافذ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے پوچھا کہ ہم ملک میں پراجیکٹس بنانے کے بعد بھی عوام کو پانی کیوں فراہم نہیں کر پا رہے ہیں۔ ہم اب بھی دوسرے ممالک سے غذائی اجناس کیوں درآمد کر رہے ہیں؟ امیر آدمی امیر تر ہوتا چلا جارہا ہے۔ ریڈی نے کہاکہ غریبوں، کسانوں اور خواتین کے لئے وزیراعلی کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو پورے ملک میں نافذ کیا جانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں: TRS to BRS ای سی آئی نے ٹی آر ایس کا نام بدل کر بی آر ایس کرنے کی منظوری دی
انہوں نے پوچھا کہ آزادی کے بعد کسانوں کی حالت کیا ہوئی؟ بھارت کو اب بھی زراعت کے لیے موزوں غذائی اجناس درآمد کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کی طرح ملک کے ہر کسان کو مفت بجلی دی جانی چاہئے،ملک کے ہر گھر کو نل کا پانی مہیا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ملک کی دولت صرف چند لوگوں کے ہاتھ میں ہی ہے۔وزیراعلی کا خیال ہے کہ ملازمت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور ترقی کی خواہش کے لیے ملک کی مناسب معاشی پالیسیاں ہونی چاہئیں۔
یو این آئی