جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر و صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک نے کوپلا ایشور کو سکریٹریٹ مساجد کا سنگ بنیاد رمضان المبارک سے قبل 5 اپریل کو رکھنے کی تجویز پیش کی۔
حیدرآباد میں سکریٹریٹ کے احاطہ میں واقع دو مساجد کو 10 جولائی 2020 کو منہدم کردیا گیا تھا۔ اس وقت حکومت نے سکریٹریٹ کی عمارت کے انہدام کے دوران دونوں مساجد منہدم ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد مسلمانوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
وزیر اقلیتی بہبود کوپلا ایشور سے ملاقات کے بعد محمد مشتاق ملک نے بتایا کہ مساجد کے انہدام کے خلاف مسلمانوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ’چلو سکریٹریٹ‘ کال دی گئی تھی۔ ’چلو سکریٹریٹ‘ احتجاج کے دوران سڑک پر نماز ادا کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ علما، دانشوران اور سیاسی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے مساجد کی تعمیر کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد کے چندرشیکھر راؤ نے مساجد کو اسی جگہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے سنگ بنیاد کی تقریب کو ملتوی کردیا گیا تھا۔
مشتاق ملک نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں ایک بار پھر وزیراعلیٰ کے سی آر نے رمضان سے قبل مساجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تیقن دیا ہے۔ آج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے وزیراقلیتی بہبود کوپلا ایشور سے ملاقات کرکے سنگ بنیاد کی تاریخ کےلیے 5 اپریل کو مناسب قرار دیا اور سنگ بنیاد تقریب منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ وفد کی تجویز پر وزیراقلیتی بہبود نے وزیر عمارت و شوارع اور وزیر داخلہ سے مشاورت کرنے کا تیقن دیا اور بتایاکہ بہت جلد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔