حیدرآباد: انکم ٹیکس عہدیداروں کی ٹیموں نے منگل کو ریاستی دار الحکومت حیدرآباد کے کئی علاقوں کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع عادل آباد، کریم نگر اور ورنگل چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ چننورو اور بیلم پلی حلقوں کے کانگریس امیدوار جی وویک وینکٹاسوامی اور ونود کے گھروں، دفاتر کی تلاشی لی گئی۔ مقامی پولیس کی مدد سے منگل کی صبح تلاشی شروع ہوئی اور رات تک جاری رہی۔ ان بیک وقت چھاپوں کے باعث ہلچل پیدا ہوئی۔ آئی ٹی عہدیداروں نے حیدرآباد میں وشاکھا انڈسٹریز اور ویجیلنس سیکورٹی سرویسس کے دفاتر پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ جو سابق رکن پارلیمنٹ اور چننورو حلقہ سے کانگریس کے امیدوار وویک کے ہیں۔
تلنگانہ کے بیلم پلی کے کانگریسی امیدوار وایچ سی اے کے سابق صدر جی ونود کے بشمول کرکٹرس شیولال،ارشد ایوب کے مکانات کی تلاشی لی گئی۔حیدرآباد کے اُپل میں اسٹیڈیم کی تعمیر میں مبینہ رشوت خوری کے الزام پر اے سی بی کی جانب سے چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ اے سی بی کی چارج شیٹ کی بنیاد پر ای ڈی کی جانب سے تلاشی لی گئی۔ ای ڈی نے قبل ازیں چینور کے کانگریسی امیدوار وویک کے مکان کے ساتھ ساتھ دفاتر کی تلاشی بھی لی گئی تھی۔دوسری طرف کانگریس نے الزام لگایا کہ انتخابات کے موقع پر مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے حکمران پارٹی بی آرایس اور بی جے پی کے امیدواروں کے مکانات کی تلاشی نہیں لی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ و آندھرا پردیش کے تیس مقامات پر این آئی اے کا چھاپہ
تلنگانہ کے انتخابات کے پیش نظر ریاست بھر میں پولیس کی جانب سے چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ چیک پوسٹوں کے قیام کے ذریعہ گاڑیوں کی تلاشی کے کام میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔عام آدمی کے ساتھ ساتھ سیاسی لیڈروں کی گاڑیوں کی تلاشی کا کام بھی کیا جارہا ہے۔تازہ طور پر چینور کے کانگریسی امیدوار وویک وینکٹ سوامی کی گاڑی کی تلاشی کا کام پولیس نے کیا۔ منچریال ضلع کے نسپور بلدی حدود میں سی سی کراس روڈ کے قریب ان کی گاڑی کی تلاشی کا کام کیا گیا۔ پولیس کی ان کی گاڑی کے ساتھ ساتھ کانگریس کے کارکنوں، میڈیا کی گاڑی کی بھی تلاشی لی۔ وویک وینکٹ سوامی نے اس تلاشی کے دوران پولیس سے مکمل تعاون کیا۔تلاشی کے بعد ان کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔
حیدرآباد سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کی تلاشی کے دوران کروڑوں روپے ضبط کیے گئے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں بڑے پیمانہ پر رقم کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔سنگاریڈی ضلع میں بس میں سوار شخص کے پاس سے 25 لاکھ روپئے ضبط کئے گئے۔ ضلع کے کالڑلکل علاقہ میں حیدرآباد سے کاماریڈی ضلع جانے والی بس کو چیک پوسٹ کے قریب روکا گیا۔پولیس نے اس بس کی تلاشی لی۔ پولیس نے ایک شخص کے پاس سے 25لاکھ روپئے کی رقم ضبط کی کیونکہ یہ شخص نقدی سے متعلق دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہا۔اس رقم کو گجویل کنٹرول روم منتقل کردیا گیا۔