ملک میں دن بہ دن جنسی زیادتی اور قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے- دہلی سول ڈیفنس میں تعینات سنگم وہار کی رہنے والی خاتون اہلکار کے ساتھ جنسی زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ہے۔
اس واقعے کے بعد تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے علاقہ سعیدآباد سے تعلق رکھنے والی 6 سالہ معصوم لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کا دردناک واقعہ پیش آیا۔
اس سلسلے میں سلطان العلوم لا کالج کے طلبہ نے ملک میں ہورہے جنسی زیادتی اور قتل کی وارداتوں کے خلاف کالج کے روبرو احتجاج کیا۔
یہ بھی پڑھیں:حیدرآباد: عصمت دری کی شکار لڑکی کے خاندان سے شرمیلا کی ملاقات
اس موقع پر طلبہ نے کہا کہ ملک میں خواتین اور لڑکیاں محفوظ نہیں ہیں- انھوں نے مطالبہ کیا کہ ریپ کرنے والے مجرم کو سزائے موت دی جائے۔ ایک طالبہ نے کہا چھ برس کی بچی تک محفوظ نہیں ہے۔ اس طرح کی جنسی زیادتی کرنے والے مجرمین کو عبرتناک سزا دی جائے۔
طلبہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ مہم کا اعلان کیا- لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسا قانون بنائے جس سے کہ جنسی زیادتی اور قتل کرنے والے مجرمین کو فوری سزائے موت دی جاسکے۔