حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجہ راو نے کووڈ کی نئی شکل جے ون کے پانچ نئے مریضوں کے اسپتال میں زیرعلاج ہونے سے متعلق اطلاعات کو جھوٹ پر مبنی قراردیا۔ انہوں نے ایک تلگو نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اس اسپتال میں کووڈ کا ایک بھی مریض نہیں ہے۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ، کووڈ کے معاملات میں پڑوسی ریاست میں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ حکومت کی جانب سے تمام اسپتالوں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔تنفس کے امراض اورانفلوائزاکی علامات کے ساتھ ساتھ شدید تنفس والے امراض پر کووڈ کا معائنہ کروایاجارہا ہے، اور نمونوں کو جینوم سیکونسنگ کے لیے بھیجا جارہا ہے۔
گاندھی اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر راجہ راو کے مطابق اسپتال میں نئے علاحدہ وارڈس بھی ہنوز نہیں بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ، کووڈ کی علامات پر فوری طورپر مریض ڈاکٹرس سے رجوع ہوں۔ انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ، اس اسپتال میں نئے سب ویرینٹ کے معاملات کے پیش نظر نئے علاحدہ وارڈس نہیں بنائے گئے ہیں۔ حیدرآباد کے گاندھی اسپتال کو کووڈکی پہلی اور دوسری لہر کے دوران نوڈل سنٹر بنایا گیا تھا۔ ڈاکٹر راجہ راو نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ جے ون اومیکرون کا سب ویرینٹ ہے اور یہ ہلکا ہے،اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چوکسی ضروری ہے۔انہوں نے ساتھ ہی 65سال سے زائد عمر کے افراد، چھوٹے بچوں اورحاملہ خواتین کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذیابیطس کے مریض، دل کے امراض کے شکار افراد، گردہ کے امراض کے متاثرین اور دیگر پیچیدگیوں کے شکار افراد میں یہ ہلکی شکل بھی شدید شکل اختیار کرسکتی ہے۔ اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا کے وقت بھارت بن گیا دنیا کا دواخانہ، پی ایم مودی
(یواین آئی)