حیدرآباد پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے دفاتر کے احاطہ میں عوامی جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کسی بھی جماعت کو شہر میں ریلی نکالنے کی اجازت نہیں رہے گی۔
گوشہ محل کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے 21 دسمبر کو لکھے ایک خط میں حیدرآباد پولیس کمشنر سے این ٹی آر اسٹیڈیم میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
راجہ سنگھ نے خط میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی اسٹیٹ کمیٹی کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون کی حمایت میں 28 دسمبر کو ایک جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر کے لکشمن مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ دیگر اہم قائدین اس جلسہ میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں این آر سی اور سی اے اے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بی جے پی اس قانون کی حمایت میں ریالیاں و جلسہ منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے۔