حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حج ہاؤس عمارت اور وقف بورڈ کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کیا، انہوں نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج سیزن عنقریب شروع ہونے والا ہے اسی لیے انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے حج ہاؤس احاطہ میں موجود وقف بورڈ کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لیا اور فائر سرویسس افسران کو ہدایات دیں کہ عمارت کی بنیاد میں واقع ناکارہ پانی کو کل صبح تک خالی کروایا جائے۔ Telangana State Haj Committee
علاوہ ازیں انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے خیریت آباد کے زونل کمشنر کو فون پر ہدایات دی کہ ہفتہ کو فائر سروسیز کے افسران ناکارہ پانی کو نکالنے کے بعد جانچ کرتے ہوئے لیکیج مقام کو درست کریں اور پانی کے لیکیج کو بند کریں جس پر افسران نے مثبت جواب دیا۔ وزیر موصوف نے حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے افسران کو مشورہ دیا کہ حج سیزن شروع ہونے سے قبل تمام انتظامات مکمل کرلیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چندرا شیکھر راؤ عازمین حج کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کے ساتھ آنے والے رشتہ داروں کے ساتھ اچھا سلوک کریں، بالخصوص بزرگ اور معذور عازمین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے اور خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔ وزیر داخلہ نے محکمۂ قضاءت کے دفتر پہنچ کر کاموں کا جائزہ لیا اور درخواست گزاروں سے ملازمین کے برتاؤ کی جانکاری حاصل کی۔
انہوں نے ملازمین کو ہدایات دیں کہ تمام درخواستوں کو بغیر کسی تاخیر کے وقت مقررہ پر مکمل کریں۔ وقف بورڈ چیئرمین مسیح اللہ خاں اور حج کمیٹی چیئرمین محمد سلیم نے بھی میڈیا نمائندوں کو مخاطب کیا۔ اس موقع پر حج کمیٹی اسپیشل آفیسر شفیع اللہ، ایگزیکیٹیو آفیسر عرفان شریف، وقف بورڈ اور حج کمیٹی کے دیگر افسران موجود تھے۔