حیدرآباد میں یوم عاشورہ روایتی طور پر بصد عقیدت واحترام منایا گیا۔ یوم عاشورہ کو تاریخی بی بی کے علم کا جلوس، الاوہ بی بی دبیر پورہ سے برآمد ہوتا ہے، یہ جلوس سارے ملک میں مشہور ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخی اہمیت کا بھی حامل ہے۔ بی بی کے علم کا جلوس کی ہاتھی پر سواری کی روایت آج بھی بدستور جاری ہے۔ حیدرآباد میں بی بی کا علم دوپہر ایک بجے دبیر پورہ الاوہ بی بی سے روانہ ہوتا ہے اور مختلف علاقوں سے گذرتا ہوا تاریخی چارمینار کے دامن پہنچا۔ یہاں حیدراباد سٹی کمشنر پولیس سی وی انند نے علم پر ڈھٹی چڑھائی۔ جلوس کے موقع پر پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔
حیدرآباد میں بی بی کا علم تاریخی جلوس کی روایت کافی قدیم ہے۔ زائد از 400 سال قبل قطب شاہی دور میں عبداللہ قطب شاہ کی والدہ حیات بخشی بیگم نے اس کا آغاز کیا تھا۔ بی بی علم سیدنا فاطمۃ الزہرا رضی اللہ تعالی عنہا کے نام سے موسوم کیا گیا تھا۔ ابتداء میں یہ علم قلعہ گولکنڈہ کے روبرو قدیم عاشور خانہ سے نکلا کرتا تھا۔ قطب شاہی سلطنت کے زوال کے بعد یہ علم قدیم شہر کے بیرونی حصہ واقع دبیر پورہ سے نکالا جانے لگا اور اس علم کو بی بی کے علم سے موسوم کیا گیا۔ بی بی کا علم ایرانی طرز پر مشتمل ہے۔ بعد ازاں آصفیہ خاندان کے فرمانرواوں نے نہ صرف اس روایت کو برقرار رکھا بلکہ بڑے پیمانہ پر گرانٹس کی منظوری بھی عمل میں لائی۔
یہ بھی پڑھیں: Mahmood Ali Visit Bibi Alwa محمد محمود علی کا بی بی الاوہ کے مقدس مقام کا دورہ
سلاطین آصفیہ کے دور میں بی بی کے علم پر ہیروں کی چھ تھیلیاں بھی چڑھائی گئیں جو آج بھی موجود ہیں۔ آصف جاہ سابع نواب میر عثمان علی خان نے بھی عاشور خانوں پر خصوصی توجہ دی اور ان عاشور خانوں کو بہتر انداز میں بنایا گیا۔ بی بی کے علم کے جلوس کے موقع پر بڑے پیمانہ پر انتظامات کیے جاتے، نظام ٹرسٹ کے تحت محرم کے تمام انتظامات روبہ عمل لائے جاتے تھے۔ اس کا سلسلہ آج تک بھی جاری ہے۔ بی بی کے علم کے جلوس کو دیکھنے کے لئے ریاست بھر سے لوگ حیدرآباد آتے ہیں۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے بھی انتظامات کیے جاتے ہیں۔