حیدرآباد: ملک کی سیاست میں معیاری تبدیلی اور بی جے پی کے خلاف مہم میں سرگرم تلنگانہ کے وزیراعلی چندر شیکھر راؤ جو اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے مشن پر ہیں، سے آج حیدرآباد میں کرناٹک کے سابق وزیراعلی کمارا سوامی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کی سرکاری قیام گاہ پرگتی بھون میں جنوبی ہند کی ان دو ریاستوں کے اہم لیڈروں کی ملاقات جس کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے میں ملک کی سیاست اور دیگر امور پر تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان دونوں لیڈروں نے دوپہر کا کھانا بھی ایک ساتھ کھایا۔ Kumaraswamy Meeting with KCR
ذرائع کے مطابق قومی سیاست میں وزیراعلی تلنگانہ کے داخل ہونے اور اس مقصد کے لئے قومی پارٹی قائم کرنے کی اطلاعات کے ساتھ ساتھ ان کی پارٹی کے جھنڈے اور ایجنڈے و دیگر امور اس ملاقات میں زیربحث آئے۔ چند دن پہلے چندرشیکھرراو نے بنگلور میں سابق وزیراعظم دیوے گوڑا اور ان کے فرزند کمارا سوامی سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کی تھی۔ کمارا سوامی کی آج کی ملاقات اسی کا حصہ سمجھی جارہی ہے۔ Kumaraswamy Meeting with Telangana Chief Minister
زعفرانی جماعت سے پاک ملک کے اپنے مشن کے سفر کے دوران حالیہ دنوں میں چندرشیکھرراو نے مختلف سیاسی لیڈروں سے دہلی اور دیگر مقامات پر ملاقات کی تھی۔ ان میں پٹنہ میں وزیراعلی نتیش کمار سے بھی ان کی ملاقات شامل تھی۔ آج کی اس ملاقات میں چندرشیکھرراو نے جے ڈی ایس لیڈر کمارا سوامی کے ساتھ قومی سیاست میں علاقائی جماعتوں کے رول، تلنگانہ کی ترقی پر بھی بات چیت کی۔ 2024ء کے انتخابات سے پہلے ہم خیال جماعتوں کو متحد کرنے چندرشیکھرراو کی مساعی کے پیش نظر یہ ملاقات کافی اہم بن گئی ہے۔ مرکز میں چندرشیکھرراو بی جے پی حکومت کے خلاف اتحاد بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔