حیدرآباد: حضرت مولانا خواجہ سید ابوتراب شاہ قادری قدیری چشتی یمنی بندہ نوازی سجادہ نشین ہلکٹہ شریف کرناٹک نے کہا ہے کہ بانی جامعہ نظامیہ حیدرآباد حضرت مولانا محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ کی دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ان کے بافیض ادارہ جامعہ نظامیہ سے علماء اور صوفیاء بڑی تعداد میں فارغ التحصیل ہوئے جو ایک بڑا کارنامہ ہے۔ انہوں نے اپوا کیرل میں منعقدہ حضرت شیخ عبداللہ شاہ قادری قدیریؒ کے سالانہ عرس شریف کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کی وحدانیت کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ اللہ پر ہم توکل کریں، اللہ ہی کارساز کافی ہے۔ انہوں نے موجودہ دور میں علماء کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ علماء سے دینی معاملات کو سیکھنا چاہئے اور ان کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ علماء اور اولیاء کا مقام کافی بلند ہے، اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ساتھ ہی آج کے اس پرآشوب دور میں ہمیں ان کے علوم سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ولی ولی کو پہچانتا ہے، حضرت مولانا محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ بہادرؒ اور حضرت سید بادشاہ قادریؒ دونوں اولیا اللہ تھے جو ایک دوسرے کی معرفت رکھتے تھے۔
مزید پڑھیں: انوار اللہ فاروقی کا مقصد علوم اسلامیہ کو گھر گھر پہنچانا تھا: مولانا محمد ندیم اللہ نظامی
انہوں نے ساداتِ کرام، بزرگان دین اور علمائے کرام کے احترام پر زور دیا۔ حضرت سید شاہد قدیری قادری چشتی یمنی بندہ نوازی نے کہاکہ ایمان اور تقویٰ کی اعلیٰ منازل پر اولیاء اللہ فائز ہوئے۔ ڈاکٹر محمدعلی نوری چشتی قادری بمبئی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ کرو بیشک اللہ تعالیٰ توکل کرنے والوں سے محبت فرماتا ہے، علم ظاہری علماء کی صحبت، مدارس، مکتب سے دینی کتب ورسائل سے ملتا ہے جبکہ باطنی علوم وہ مایہ ناز نعمت ودولت ہے جو تمام اولیاء اللہ کی صحبت وتربیت میں رہ کر مجاہدات وریاضات کے ذریعہ حاصل کیا جاتا ہے، شہ نشین اور جلسہ گاہ میں جناب مسیحا ستار شاہ قادری قدیری سجادہ نشین کیرالا،کے علاوہ ہزارہا مرد و خواتین نے شرکت کی۔
یو این آئی