حیدرآباد: بی آر ایس کے کارگذارصدر ووزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو اور وزیر صحت ہریش راو نے پارٹی کے قیام سے لے کر آج تک اس کے ساتھ کھڑے لیڈروں اورکارکنوں کو پارٹی کی یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کی ہے۔ تارک راما راو نے اس خصوص میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس جو دو دہائی قبل ایک تحریکی پارٹی کے طور پر ابھری تھی، نے تلنگانہ کی عزت نفس اور شناخت کو بحال کیا ہے۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراونے تلنگانہ کو ملک کے لیے ایک مثال کے طور پر پیش کیا ہے۔ انہوں نے ان تمام افرادکا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 22 سال تک پارٹی کا ساتھ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چندرشیکھرراو وہ لیڈر ہیں جنہوں نے دو دہائی قبل اس تحریکی پارٹی کا قیام عمل میں لایا، تلنگانہ کی عزت نفس اور شناخت کو دوبارہ قائم کیا اور تلنگانہ ریاست کو ملک کے لیے ایک مثالی بنایا۔ وزیرصحت ہریش راو نے بھی اس سلسلہ میں ٹوئیٹ کیا۔
مزید پڑھیں: BRS Foundation Day: بی آر ایس کا یوم تاسیس، وزیراعلیٰ تلنگانہ بھون میں جھنڈا لہرائیں گے
انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراو کی قیادت میں 22 سال قبل قائم کی گئی تحریکی پارٹی نے تلنگانہ کو ریاست کا درجہ حاصل کرنے کے نشانہ کو پورا کرتے ہوئے آج کے سنہرے تلنگانہ کی راہ ہموار کی۔بی آرایس عوام کی امنگوں پر پورا اترنے والی پارٹی بن کر ملک کے لیے رول ماڈل بن گئی۔ اس نے ایک طرف فلاح و بہبود اور دوسری طرف ترقی کو مساوی ترجیح دے کر ریاست کی جامع ترقی کا آغاز کیا۔
یو این آئی